خبریںصفحہ اول

بین الاقوامی تعاون اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہی منشیات سے نمٹنا ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی منشیات کے خطرے سے بچانے کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے،صرف تعاون اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہی اس لعنت سے پاک دنیا کے وژن کا حصول ممکن ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن منشیات سے پاک دنیا کے حصول کے لیے کاوشوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے ہر سال 26 جون کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کو روکنے اور اس سے معاشرے بالخصوص نوجوانوں کو لاحق خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم(یو این او ڈی سی)کی طرف سے شائع ہونے والی ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2021 اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ منشیات سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی اموات پچھلی دہائی کے دوران تقریبا دو گنا ہو چکی ہیں۔ نوجوان پاکستان کی کل آبادی کا تقریبا 60 فیصد ہیں اور انہیں منشیات کے استعمال سے خاص طور پر خطرات لاحق ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی منشیات کے خطرے سے بچانے کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ہمیں میڈیا، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کی مدد سے ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے طلبا اور والدین میں اِس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی)کا کردار نہایت اہم ہے اور اسے اعلی تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے سخت پالیسی نافذ کرنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی جانب سے منشیات کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کی گئی زبردست کوششوں کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ بین الاقوامی تعاون سے نوجوان نسل میں نئے قسم کی نفسیاتی منشیات کے پھیلا ئوکو محدود کرنے میں مدد ملی ہے۔ میں معاشرے میں منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے اور منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لیے وزارت انسدادِ منشیات کے اقدامات کو بھی سراہتا ہوں۔ پاکستان پوست سے پاک ریاست کا درجہ بھی حاصل کر چکا ہے جو کہ وزارت نارکوٹکس کنٹرول/اینٹی نارکوٹکس فورس کے فعال کردار کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف تعاون اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہی اس لعنت سے پاک دنیا کے وژن کا حصول ممکن ہے۔ ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کو نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

Back to top button

New Report

Close