بابے لوگ-عائشہ یاسین

تپتی زمین پر جب تلوے ہی کیا روح تک سلگنے لگے، ایسے میں آسمان سے ٹپکا پانی کا اک قطرہ، اک لمحے کے دسویں حصے میں جسم وجاں میں امید اور شادابی بھر دیتا ہے۔ ناتواں جسم میں جیسے جان سی آجاتی ہے اور نقاہت سے چور آنکھیں آسمان کی طرف دیکھنے لگتی ہیں۔ آسمان کو تکنے کے اس عمل کو ”توکل“ کہتے ہیں۔ توکل ہی اک ایسی گانٹھ ہے جو بندے اور خالق کو اک دوسرے سے جدا نہیں ہونے دیتی۔
عام لوگوں کی تو کوئی بات ہی نہیں۔ بڑے سے بڑے لوگوں کی زندگی بھی اونچ نیچ سے عبارت ہے۔ کبھی رشتے میں کھچاؤ، کبھی روزگار میں مشکلات، کبھی ایمان میں تشکیک اور کبھی زندگی کے دیگر عروج وزوال۔ بندہ چلتے چلتے جب کسی موڑ پر تھک جاتا ہے، بظاہر ناامیدی کی اتھاہ گہرائی اس کی منتظر ومقدر دکھائی دیتی ہے، اس لمحے یہ ”بابے“ لوگ امید کا چھینٹا مار کر بندے کا توکل بحال کرتے ہیں۔
بابے کون ہوتے ہیں؟ ہر وہ بشر، جو کسی جان دار کو امید کی رمق دے، بابا ہے۔ ہمارے اردگرد بے شمار بابے گشت عمل رہتے ہیں۔ بابا کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ آپ، میں یا وہ سامنے کھیلتا ہوا شرارتی بچہ، یا کونے میں بیٹھا نحیف سا بوڑھا یا پیٹھ پر وزن لادے توانا نوجوان۔ بابا لوگ کسی خاص رنگ وروپ اور نسل کے نہیں ہوتے بلکہ ان کا کام صرف ناامید خلق کو امید دلانا ہوتا ہے اور پیٹھ پر ایک تھپکی دینا اور کہنا، ”جاؤ…. تمہارا کام ہوجائے گا۔ اللہ سب ٹھیک کر دے گا“۔ یقین کا یہ جملہ وٹامن کی گولی کا کام کرتا ہے اور بندہ اپنے رب سے دوبارہ جڑ جاتا ہے اور کن فیکون ہوجاتا ہے۔
اللہ اپنے بندوں سے، اپنے پیار کے اظہار کے لیے ہر قدم پر آسانی فراہم کرتا ہے تاکہ بندہ رب سے جڑا رہے۔ بابے لوگ ناخوشی اور اداسی کی دھند کو چاک کر کے، ذہن کے دریچوں کی گرد صاف کرتے ہیں۔ ان کی فقط ایک تھپکی ہی جادو کا کام کرتی ہے اور بندہ زندگی کی طرف لوٹ آتا ہے۔ بابا بننا کوئی مشکل کام نہیں۔ بس ایک توکل کی پریکٹس ہے۔ کسی کے لب پر ہلکی سی مسکان لانے کا جتن ہے۔ آنکھوں میں چمک لانے کا گر ہے۔ جیسے ایک روتے دھوتے بچے کو اس کا ہاتھ تھام کر، آسمان کی طرف متوجہ ہو کے، انگلی کے اشارے سے بتانا کہ وہ ہے ہمارا رب…. ہمارا پالن ہار۔ وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ بس یہی ڈیوٹی ہے بابا لوگ کی۔ اللہ ہم کو بھی ایسی عادات سے نوازے، جو دوسروں کے لیے باعث رحمت ہوں، جو خلق خدا کی خوشی کی وجہ ہوں، جو ہمارے ہونے کے مقصد کو سامنے لا سکیں، آمین۔ بلھے شاہ نے کہا تھا:
کجھ بغض تی ریت وچ نئیں ملدا
کجھ ہار تے جیت وچ نئیں ملدا
مخلوق خدا نال پیار تو کر
رب صرف مسیت وچ نئیں ملدا