خبریںصفحہ اول

انٹرنیشنل رائٹرز فورم کی ادبی تقریب، کئی کتابوں کی رونمائی

(خصوصی رپورٹ: مریم اقبال) انٹرنیشنل رائٹرز فورم کی طرف سے مقامی ہوٹل میں ”ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں انٹرنیشنل رائٹرز فورم کراچی کی صدر رخسانہ افضل، اداکارہ عصمت زیدی، عبدالجبار عباسی، عظمیٰ عروج عباسی، صائمہ اکرام چودھری، عصمت زیدی، ریحانہ اعجاز، نفیسہ سعید، شہزاد افق، شگفتہ شفیق ودیگر قلم کاروں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رخسانہ افضل کا کہنا تھا کہ کراچی میں اس طرح کی ادبی تقریبات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، ان تقریبات کے ذریعہ ادب کی دنیا کے لوگ ایک دوسرے سے قریب ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو جان پاتے ہیں ۔ تقریب سے معروف رائٹر صائمہ اکرم چوہدری نے بھی خطاب کیا جن کی شناخت چپکے چپکے ، سنو چندا جیسے کئی ڈرامے ہیں، کسی بھی کامیابی کے پیچھے ایک لمبا سفر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ یہاں جس مقام پر ہیں اس کا سفر 21 سال میں طے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔

صائمہ چودھری کے علاوہ مہمان خصوصی سائرہ غلام نبی نے کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات ادب سے وابستہ لوگوں کو تازہ دم کر دیتی ہیں۔ شہر یار داو¿د نے عورتوں کی تعلیم پر خاص زور دیا اور کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم یافتہ عورت کی اہمیت کو بیان کیا۔ تقریب سے دیگر معززین نے بھی مختصر خطاب کیے۔ شاعرہ شگفتہ شفیق نے اپنی خوبصورت شاعری سے مہمانوں کو لطف اندوز کیا۔ رائٹرز فورم کے بانی شہزاد افق نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے اس تنظیم کو بنانے کے مقاصد بیان کیے انہوں نے تنظیم کے قیام سے لے کر اب تک کے اپنے سفر کی داستان بھی مختصر الفاظ میں سنائی ۔


اس ادبی تقریب میں ایک مشاعرہ کا بھی اہتمام تھا جس میں وہاں موجود شعرا نے اپنا کلام خود پیش کیا ۔ تقریب میں محترمہ رخسانہ افضل کی نثری کتاب ”کدی آ مل سانول یار “ کے ساتھ ریحانہ اعجاز کے شعری مجموعہ”سرگوشیاں“ کی رونمائی بھی کی گئی اور کراچی سے تعلق رکھنے والی مختلف سماجی اور ادبی شخصیات کے ساتھ ساتھ جنوبی پنچاب سے آئے ہوئے مختلف شعرا، ادیب، گلوکاروں کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

تقریب کا اختتام صدر محفل کرنل عبدالجبار عباسی نے مختصراخطاب کرتے ہوئے ایسی ادبی محفلوں کو خوشبو کا جھونکا قرار دیا۔ جس کے بعد رائٹرز فورم کراچی کی صدر محترمہ رخسانہ افضل نے اپنی کتاب کی خوشی میں کیک کاٹا اور مہمانوں کی تواضع چائے ، کافی اور دیگر لوازمات سے کی گئی جس کے ساتھ ہی یہ بہترین ادبی محفل اپنے اختتام کو پہنچی ۔

Back to top button

New Report

Close