
اسلام آباد : پاکستانی طلباء کے لیے برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب اب ایک بار پھر حقیقت بن سکتا ہے، کیونکہ برطانوی حکومت کی چیوننگ اسکالرشپ 2025 کے لیے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں ۔
یہ مکمل طور پر فنڈڈ پروگرام ایک سالہ ماسٹرز ڈگری کے لیے ہے، جو برطانیہ کی ممتاز جامعات میں پیش کی جاتی ہے، اور یہ ان پیشہ ور افراد کے لیے کھلا ہے جنہیں گریجویشن کے بعد کم از کم دو سال کے کام کا تجربہ حاصل ہو چکا ہو ۔
یاد رہے کہ چیوننگ اسکالرشپ میں تعلیمی اخراجات، ہوائی جہاز کے ٹکٹ، ویزا فیس، اور رہنے کے لیے ماہانہ وظیفہ شامل ہوتا ہے ۔
اسکالرز کو نہ صرف تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع ملیں گے بلکہ انہیں عالمی سطح پر نیٹ ورکنگ اور ثقافتی تبادلے کے تجربے سے بھی فائدہ ہوگا۔
پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر، جین میریئٹ، نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے باصلاحیت اور غیر معمولی مستقبل کے رہنماؤں کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے ایسے افراد کو درخواست دینے کی ترغیب دی جو قائدانہ صلاحیت رکھتے ہیں اور دنیا میں مثبت تبدیلی لانے کا جذبہ رکھتے ہیں۔
درخواستیں 5 اگست سے 7 اکتوبر 2025 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اہل امیدواروں کو چاہیے کہ وہ قیادت، اثر و رسوخ، اور نیٹ ورکنگ کی حقیقی زندگی سے متعلق مثالیں پیش کریں۔
1983 میں قائم ہونے والے اس پروگرام کے دنیا بھر کے 160 ممالک میں 60,000 سے زائد سابق طالبعلم ہیں، جن میں پاکستان کے 2,000 سے زائد افراد بھی شامل ہیں، جو مختلف شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر چکے ہیں۔
تفصیلات اور درخواست دینے کا طریقہ کار چیوننگ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔