
چائے دنیا بھر میں معروف ترین مشروب سمجھا جاتا ہے۔ خاص طور پر مشرق میں مہمانوں کی خاطر داری کے لئے اس کو ضروری جانا جاتا ہے۔ اس کے بارے میں مختلف تحقیقی مطالعہ سامنے آتے رہتے ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق سے یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ چائے پینے سے دل کے امراض، دل کے دورے اور فالج کا خطرہ 10 سے 20 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ یورپین جرنل آف پریوینٹو کارڈیالوجی کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جو لوگ ہر ہفتے کم از کم تین کپ چائے پیتے ہیں، انہیں چائے نہ پینے والوں کے مقابلے میں دل کے مسائل کا کم خطرہ درپیش رہتا ہے۔
چائے کے شوقین لوگوں میں دل کے مسائل کے باعث اموات کی شرح بھی 22 فیصد کم ہے اور وہ انہی وجوہات کی بنا پر قبل از وقت موت کا 15 فیصد کم شکار ہوتے ہیں۔ چائے کی اقسام سیاہ، سبز اور سفید سب صحت کے لئے مفید نتائج کی حامل ہیں۔ سبز اور سیاہ چائے تو گویا طاقت کا خزانہ ہے، جن کے روزانہ دو یا اس سے زیادہ کپ پینے کی تجویز دی جاتی ہے۔
صبح سیاہ چائے اور دوپہر میں سبز چائے کا استعمال زیادہ موزوں ہے کیونکہ سبز چائے میں کیفین کم ہوتی ہے اور دن ڈھلنے کے ساتھ کیفین والی چائے کا استعمال اچھا نہیں ہوتا کیونکہ اس سے نیند متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سارے فوائد سادہ چائے کے ہیں۔ دودھ پتی اور چینی سے بھری چائے سے یہ فوائد ہرگز حاصل نہیں ہو سکتے۔
نوٹ: رائٹرز کلب اور اس کی پالیسی کا اس تحریر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ writerscpk@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔