ریورز: نائیجیریا کے ایک گرجا گھر میں بھگدڑ مچنے سے 31 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نائیجیریا کی ریاست ریورز کے گرجا گھر میں پیش آیا جہاں کھانے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی ہے ۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت سیکڑوں افراد گرجا گھر اور اس کے باہر موجود تھے، حادثے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
نائیجیریا کی ریاست رِیورز کے دارالحکومت پورٹ ہارکورٹ کے پولیس ترجمان گریس اِرِنج کوکو نے بتایا کہ گرجے میں غذائی اجناس لینے آئے سیکڑوں لوگ دروازہ توڑ کر اندر گھسے جو بھگدڑ مچنے کا سبب بنا ہے ۔
کئی افراد نے پورٹ ہارکورٹ پولو کلب میں رسائی حاصل کرنے کے لیے جمعے کے روز سے ہی قطاریں لگا لیں تھیں۔اس مقام پر سالانہ کی بنیادوں پرایک گرجے کی جانب سے خیراتی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
ترجمان پولیس نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ لوگ وہاں جلدی آگئے تھے اور ان میں سے کچھ کی جانب سے بے صبری کے مظاہرے سے بھگدڑ مچی۔ پولیس جائے وقوع پر موجود ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

