شیکسپیئر نے کہا تھا، ”کچھ لوگ پیدا ہی عظیم ہوتے ہیں اور کچھ لوگ اپنے کاموں سے خود کو عظیم بنا لیتے ہیں۔“ اگر یہ بات قائد اعظم محمد علی جناح کے لیے کہی جائے تو غلط نہیں ہو گی۔ قائد اعظم محمد علی جناح کا شمار عالم اسلام کی ان نابغہ روزگار ہستیوں میں ہوتا ہے،جن کے کارنامے اپنی انفرادیت اور تنوع کے باعث دنیا بھر میں رشک نگاہ ہوتے ہیں۔
گاندھی نے کہا کہ میں یہ یقین سے کہتا ہوں کہ کوئی طاقت مسٹر جناح کو نہیں خرید سکتی۔
”جناح آف پاکستان“ کے مصنف پروفیسر اسٹینلے نے لکھا کہ، ”بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو تاریخ کا دھارا بدل دیتے ہیں اور ایسے لوگ تو اور بھی کم ہوتے ہیں جو دنیا کا نقشہ بدل کر رکھ دیتے ہیں اور ایسا تو کوئی کوئی ہوتا ہے جو ایک نئی مملکت قائم کر دے۔ محمد علی جناح ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے بیک وقت تینوں کارنامے کر دِکھائے۔“
قائد اعظم محمد علی جناح ایک سحر انگیز شخصیت کے مالک تھے ۔ قائداعظم عزم و عمل، دیانت، خطابت، اور خود داری کا حسین مرقع تھے۔آپ کی شخصیت سے صرف برِصغیرکے مسلمان اورہندوہی نہیں بلکہ انگریز تک متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ ہمارے محسن اور قوم کے لیے رول ماڈل ہیں۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھولتیں۔ انہیں نہ صرف ہمیشہ یادرکھتی ہیں، بلکہ ان کے اصولوں پر عمل بھی کرتی ہیں۔

