اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے عہدے داروں کی جانب سے حضور کریم حضرت محمدؐ کے بارے میں توہین آمیز بیانات کی سخت مذمت کی ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں اورعہدے داروں کے توہین آمیزاورمتنازعہ بیانات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، یہ بیانات ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے عکاس ہیں،صدرمملکت کا کہنا تھا کہ محض پارٹی عہدے داروں کومعطل کرنا اورنکال دینا کافی نہیں، بی جے پی کواپنے فاشسٹ ہندوتوا نظریے سے کنارہ کشی اختیارکرنا ہوگی۔
صدرِمملکت نے کہا کہ مودی کے نفرت انگیزہندوتوا فلسفے کے تحت بھارت اپنی تمام اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں کو پامال اوران پربلاامتیازظلم کررہا ہے، اس طرح کے اسلام مخالف بیانات کی بلا روک ٹوک اجازت دینا انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات مزید تعصب، تشدد اورنفرت کا باعث بن سکتے ہیں،عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور منظم مذہبی ظلم و ستم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

