کراچی: نیپرا نے کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی 9روپے 66 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دیدی،نیپرا نے عید سے قبل کراچی کے شہریوں پر بجلی گرادی،فی یونٹ 9روپے 66پیسے کا بڑا اضافہ کر دیا۔
اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ نیپرا اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا۔
بجلی کی نئی قیمت کا اطلاق اگست کے مہینے کے بلوں پر ہو گا۔نیپرا میں کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 11روپے 34پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی 9روپے66پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ سے کے الیکٹر ک کے صارفین پر 19ارب30کروڑ 90لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کی جانب سے تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔ دوران سماعت چیئرمین نیپر انے کہا کہ کے الیکٹرک کو سستی بجلی لینے کے لئے نیپرا کی ضرورت ہوتووہ حاضر ہیں، وہ سستی بجلی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔
نیپرا حکام نے کہاکہ مارچ کی نسبت ایل این جی50فیصد اور فرنس آئل38فیصد مہنگا ہوا۔ کے الیکٹرک حکام کے مطابق مئی میں پی ایل ایل کے کنٹریکٹر ڈیفالٹ کر گئے تھے
۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کیااس کا بوجھ عام آدمی پر پڑے گا، اس معاملہ پر انہیں تحریری طور پر لکھ کر دیں۔ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 52کروڑ60لاکھ روپے کااضافی بوجھ پڑا۔

